الیکشن کمیشن اور ن لیگ نے رپورٹ سے متعلق گھناؤنا کھیل کھیلا، فردوس عاشق

لاہور(قدرت روزنامہ) سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بغیردستخط شدہ رپورٹ کو نشر کرنا الیکشن کمیشن، ن لیگ کے گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتی ہے، الیکشن کمیشن اور ن لیگ نے رپورٹ سے متعلق گھناؤنا کھیل کھیلا، ملوث عناصر کیخلاف کاروائی کیلئے پیمرا اور الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی بغیر دستخط شدہ اور نان آفیشل رپورٹ کو مخصوص میڈیا گروپ کو جاری کرنا، میڈیا گروپ کا بغیر دستخط شدہ اورنان آفیشل رپورٹ کو ذرائع کے ذریعے نشرکرنا واضح طور پر الیکشن کمیشن اور ن لیگ کی بدنیتی اور گٹھ جوڑ کو ظاہر کرتا ہے۔
میڈیا گروپ نے صحافتی اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اور اخلاقیات کو پس پشت ڈالتے ہوئے بغیر دستخط شدہ رپورٹ کو نشر کرکے صحافتی قوانین کا جنازہ نکالا ہے۔

ن لیگ اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ کے حوالے سے پی ٹی آئی کے تحفظات حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور ن لیگ نے رپورٹ کے حوالے سے گھناؤنا کھیل کھیلا۔ بغیر دستخط شدہ رپورٹ کا میڈیا کو جاری کرنا ن لیگ اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔

بغیر دستخط شدہ اور غیرتصدیق شدہ رپورٹ پر ن لیگی جغادری بغلیں بجا کر اور ہاہا کار مچا کر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ سابق معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ اور بد نیتی کو آشکار کرتے رہیں گے۔ الیکشن کمیشن، ن لیگ اور میڈیا گروپ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے تحقیقات، ملوث عناصر کو آشکار اور شکنجہ کسنے کیلئے پیمرا اور الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert