بھارت نے گزشتہ رات فاش غلطی کی، خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ ) وزیراعظم شہباز شریف نےقوم سے خطاب میں کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات جارحیت کر کے فاش غلطی کی ہے، اسے اس کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا۔ کل رات ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں طوفان برپا کردیا، جو طیارے بھارت کا غرور تھے، وہ اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رات دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں۔ بھارت کے بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، 26 شہید شہریوں میں بچے بھی شامل ہیں، شہید ارتضیٰ عباس کی عمر صرف 7 سال تھی جس کا ابھی ہم نے جنازہ پڑھا، عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رات ہم نے ثابت کردیا پاکستان دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے، پاکستانی پائلٹس نے اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت اور شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑا دیئے، پاکستان نے دشمن پر اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کردی ہے، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں، 24 کروڑ پاکستانیوں کو اپنی افواج پر فخر اور ناز ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی تھی، بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کی، مسئلہ کشمیر ایک تنازع ہے اور تب تک رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ حق رائے دہی نہیں مل جاتا۔ اس خطے میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک پاکستان ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانیں دیں، بھارت کی خام خیالی ہے کہ اس کی مہم جوئی دہشتگردی کی جنگ سے ہماری توجہ ہٹاسکے گی، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، پاکستان کی حفاظت کیلئے فوج اور عوام یک جان دو قالب ہیں۔
