خواتین نے ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے، گورنر بلوچستان
سردست خواتین وکلا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے،خاتون محتسب بلوچستان کی تقرری میرٹ پر بہت جلد عمل میں لائی جائیگی، جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچ خواتین نے ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔گورنر بلوچستان نے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی وائس پریذیڈنٹ عمیرہ منیر کی قیادت میں فی میل وکلا پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین وکلا محض موکلوں کی وکالت نہیں کرتیں بلکہ وہ ہماری نصب آبادی پر مشتمل خواتین کے مستقبل کی تشکیل کے حوالے سے بھی نئے راستے کھول رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی خواتین کی پوشیدہ صلاحیتوں کو پہچانیں اور انہیں اپنے کیریئر میں مزید سبقت حاصل کرنے کیلئے مدد اور رہنمائی فراہم کریں۔جعفر خان مندوخیل نے مزید کہاکہ متعلقہ اداروں میں خواتین کیلئے مقرر کردہ پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد سے خواتین کی شرکت اور نمائندگی میں زبردست اضافہ ہوگا، خاتون محتسب بلوچستان کی تقرری میرٹ پر بہت جلد عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ میں ایک ایسے مستقبل قریب کا تصور کرتا ہوں جہاں سیشن ججز، سول ججز، پراسیکیوٹر جنرل اور بار ایسوسی ایشنز میں دیگر اہم عہدوں پر خواتین فائز ہوں گی، میں زندگی کے تمام شعبوں خواتین کی بھرپور شرکت کا حامی ہوں۔گورنر بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ سردست خواتین وکلا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
