عمران خان کو لانے والے اب غلطی کا اعتراف کر رہے ہیں، آصف زرداری
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اب اعتراف کر رہے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی، اب وہ اس غلطی کو کیسے ٹھیک کریں یہ اللّٰہ کو بہتر معلوم ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے جی بی کے سابق چیف جج سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم پہلے ہی یہ راستہ دیکھ چکے ہیں، جسٹس قیوم کے ساتھ ٹیپ تھی سیف الرحمٰن اور کچھ دوستوں کی۔
زرداری سے مریم نواز سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مریم نواز میری بیٹیوں جیسی ہیں، ان کی درخواست سے متعلق بات نہیں کروں گا۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت مدت پوری نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آصف زرداری کی گولڈ ریفرنس اور ارسس ٹریکٹرز ریفرنس میں احتساب عدالت سے بریت کیخلاف نیب اپیلوں کی سماعت کی ۔
نیب پراسیکیوٹر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی دو ریفرنسز میں بریت کیخلاف 2014 ء سے زیر التوا اپنی ہی اپیلوں پر دلائل کیلئے پھر ایک ماہ کی مہلت مانگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلائل کیلئے دو ہفتے کی آخری مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیب نے آئندہ سماعت پر دلائل نہ دئیے تو موجود ریکارڈ پر فیصلہ کر دینگے۔