چھوٹے بٹوؤں میں کروڑ سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی، کراچی ایئرپورٹ پر خاتون پکڑی گئی

کراچی(قدرت روزنامہ)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے ایک کارروائی کے دوران چھوٹے بٹوؤں میں کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی، اور خاتون کے خلاف رقم ڈیکلیئر نہ کیے جانے پر مقدمہ درج کر لیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق دبئی جانے والی خاتون مسافر سے کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے، خاتون کو ایئرپورٹ سے کسٹمز حکام نے حراست میں لے لیا، جو ہاتھ کے چھوٹے بٹوؤں میں غیر ملکی کرنسی کے نوٹ لے کر جا رہی تھی۔

برآمد ہونے والی تمام کرنسی کی مجموعی مالیت امریکی ڈالر کے تناسب سے 42,728 ڈالر بنتی ہے، جب کہ پاکستانی روپے میں برآمد کرنسی کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 18 لاکھ روپے ہے۔

خاتون مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز EK-601 کے ذریعے دبئی روانہ ہو رہی تھیں، کسٹمز عملے نے شک کی بنیاد پر خاتون کو روک لیا، خاتون کے پاس موجود کرنسی کے حوالے سے زبانی و تحریری ڈیکلریشن طلب کی گئی، تاہم خاتون بار بار غلط بیانی سےکام لیتی رہیں۔

جب مسافر کے سامان کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی گئی تو بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، پاکستان کسٹمز نے کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت غیر ملکی کرنسی کو تحویل میں لے کر ضبط کر لیا ہے اور ملزمہ کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert