تینوں ممالک کا خطے میں امن و استحکام کیلئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ، اسحاق ڈار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تینوں ملکوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مکہ الائنس فار ڈیفنس کی تذویراتی سیاسی، دفاعی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف اجلاس میں موجود ہیں۔ اجلاس میں خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تینوں ممالک کا علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کےلیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاع اور باہمی یکجہتی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک نے ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی عرب میں مکہ دفاعی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سفارتکاری کی حمایت پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دفاعی صنعت، مشترکہ ٹیکنالوجی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں ممالک کی مسلح افواج کی مشترکہ صلاحیتیں اور باہمی ہم آہنگی بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا اجلاس تین برادر ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور یکجہتی کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دو اجلاس سعودی عرب اور ترکیہ میں ہوچکے ہیں۔
