وزیراعظم عمران خان کا آئندہ دنوں بڑا ریلیف پیکج لانے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے ملکی ترقی میں الیکشن کا نہیں ،آنے والی نسلوں کا سوچا، ساری دنیا کے اندر ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، کئی ممالک اپنے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرارہے ہیں ،حیرت ہے ہماری اپوزیشن کو مشین سے کیوں ڈر لگ رہا ہے،ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں غربت کم ہوئی ہے ،لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، آئندہ دنوں میں ایک بڑا ریلیف پیکج لانے والے ہیں، عوام کو مکمل اعتماد ہونا چاہیے ، ہم مہنگائی سے بھی نکل جائینگے ،مسلم لیگ (ن) کے دور میں 645 کلومیٹر اور تحریک انصاف کے تین برس میں 1750 کلومیٹر سڑکیں بنائیں گئی، وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں حکمران اور اس کے وزرا کرپشن کرتے ہوں، مسلم لیگ (ن) نے ایک ہزار ارب روپے سڑکوں کی مرمت میں لگائے، اس رقم سے کئی بڑے کام ہوسکتے تھے،لندن اور دوسروے ممالک میں بڑی بڑی گاڑیاں چلارہے ہیں ،پرتعش محلات میں رہ رہے ہیں، یہ سارا پیسہ یہاں سے گیا ہے؟پہلے دن سے حکومت کے خلاف اپوزیشن ہر محاذ پر مخالف رہی ہے اور حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں ،مجھے امید ہے 5 سال بعد جب کارکردگی کا گراف سامنے آئے گا تو اپوزیشن کی دکانیں بند ہوجائیں گی،قلت آب کی کمی کو پورا کرنے کیلئے گزشتہ 50 برس میں پہلی مرتبہ 3 بڑے ڈیمز بن رہے ہیں ، آئندہ 10 برس میں 10 ڈیمز بنیں گے، ان ڈیمز کی پلاننگ 40 سال پہلے ہوئی تھی . منگل کو للِیہ تا جہلم شاہراہ کا سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جس جنون کے ساتھ جہلم کی جنگ لڑی ہے اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں .

انہوں نے کہا کہ یہ وہ دور ہے کہ کس نے کیا کام کیا، موبائل فون پر باآسانی معلومات دستیاب ہے، کیا ملک میں بیرونی خسارہ سب سے بڑا تھا، باآسانی انٹرنیٹ پر جواب مل جائے گا . وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش رہی کہ ملک میں پائیدار ترقی کرنی ہے، جب ملک میں انتخابات نہیں بلکہ آنی والی نسلوں کا سوچا جائے تو قوم ترقی کرتی ہے . وزیر اعظم نے کہاکہ چائنہ کی ترقی کا راز ہے کہ انہوں نے پائیدار ترقی کے بارے میں سوچا، سب سے پہلے انہوں نے غربت ختم کی اور پھر ترقیاتی منصوبے تشکیل دیے، ایسا نہیں ہوتا کہ اربوں روپے مالکیت کی میٹرو بنا کر سوچا جائے کہ میں الیکشن جیت جاؤں گا، قوم ایسے آگے نہیں بڑھتی . انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ ہم نے الیکشن کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا سوچا . وزیر اعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ملکی ترقی میں نمایاں کردار پانی کا بھی ہے، زمین موجود ہے لیکن قلت آب کے باعث کئی مسائل جنم لے رہے ہیں، جس میں قابل ذکر نقصان زراعت کو ہورہا ہے . انہوںنے کہاکہ قلت آب کی کمی کو پورا کرنے کے لیے گزشتہ 50 برس میں پہلی مرتبہ 3 بڑے ڈیمز بن رہے ہیں اور آئندہ 10 برس میں 10 ڈیمز بنیں گے، ان ڈیمز کی پلاننگ 40 سال پہلے ہوئی تھی . انہوں نے کہا کہ جب ہم نے درخت لگانے کے منصوبے متعارف کرائے تو ہمارا مزاق اڑایا گیا، سابقہ حکومتوں میں جنگلات ختم کردیے گئے، نیشنل پارکس نہیں بنائے گئے، دنیا نے سابقہ حکومتوں کی تعریف نہیں کی . عمران خان نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کے سمٹ میں پاکستان کی مثال دیتا ہے، جس پر اپوزیشن مزاق اڑا رہی تھی . وزیر اعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کہتاہے کہ موجودہ حکومت میں غربت کم ہوئی ہے، مشکل وقت ہے لیکن مکمل اعتماد ہونا چاہیے ہم اس مہنگائی سے بھی نکل جائینگے، مہنگائی کا بھاؤ بیرون ملک سے آرہا ہے . انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، آئندہ دنوں میں ایک بڑا ریلیف پیکج لانے والے ہیں . وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 645 کلومیٹر جبکہ تحریک انصاف کے تین برس میں 1750 کلومیٹر سڑکیں بنائیں گئی . انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور اقتدار میں سڑکیں تعمیر کرانے کے 2 ہزار ٹینڈرز ہوئے جبکہ ہمارے 3 سالہ دور میں 3 ہزار 238 کلو میٹر کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں . انہوںنے کہاکہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں حکمران اور اس کے وزرا کرپشن کرتے ہوں، مسلم لیگ (ن) نے ایک ہزار ارب روپے سڑکوں کی مرمت میں لگائے، اس رقوم سے کئی بڑے کام ہوسکتے تھے . وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لندن اور دیگر ممالک میں بڑی بڑی گاڑیاں چلارہے ہیں اور پرتعش محلات میں رہ رہے ہیں، یہ سارا پیسہ یہاں سے گیا ہے . انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے حکومت کے خلاف اپوزیشن ہر محاذ پر مخالف رہی ہے اور حکومت گرانے کی باتیں کرتے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ 5 سال بعد جب کارکردگی کا گراف سامنے آئے گا تو اپوزیشن کی دکانیں بند ہوجائیں گی . وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ن) پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو پر اربوں لگانے سے ملک ترقی نہیں کرتے، حکومت میں آئے تو تاریخی خسارہ ملا، موجودہ حکومت نے سب سے بڑا تجارتی قرضہ واپس کیا . اس موقع پر انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سمیت این ایچ اے کا بھی شکریہ ادا کیا . . .

متعلقہ خبریں