آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، ٹاپ 10 میں صرف 2 پاکستانی شامل

دبئی(قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس کے باوجود ٹی ٹوئنٹی کی تازہ ترین رینکنگ میں صرف 2 پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں . انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے .

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی بیٹر ہیں اور انہوں نے تازہ ترین درجہ بندی میں اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے . وہ بیٹرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہیں . دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور تیسرے پر جنوبی افریقا کے ایڈن مرکرم ہیں . نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے 3 درجہ ترقی پاکر چوتھے اور پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ایک درجہ ترقی پاکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں . اس کے علاوہ بھارتی کھلاڑی کے ایل راہول ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے، آسٹریلوی کپتان 3 سیڑھیاں نیچے اترتے ہوئے 7 ویں نمبر پر آگئے ہیں . ویرات کوہلی آٹھویں، انگلینڈ کے جوس بٹلر نویں اور جنوبی افریقا کے راسی وین ڈیر ڈسن 10 ویں نمبر پر ہیں . بیٹنگ کے شعبے میں رضوان کے بعد جو بیٹر درجہ بندی میں سب سے اوپر ہے وہ فخر زمان ہیں جو 40 ویں نمبر پر ہیں . بولرز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے . آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ آسٹریلیا ہی کے جوش ہیزل ووڈ دو درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں . سری لنکا کے وانندو ہسارنگا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے تبریز شمسی دوسرے نمبر پر ہیں . ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے اہم ترین بولر شاہین آفریدی کی ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور وہ 11 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں . پاکستان کے شاداب خان 16 ویں، حارث رؤف 22 ویں اور عماد وسیم 24 ویں نمبر پر ہیں . آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے اور اس شعبے میں افغان آل راؤنڈر محمد نبی کی حکمرانی برقرار ہے . دوسرے نمبر پر بنگلادیش کے شکیب الحسن اور انگلینڈ کے لیام لیونگ اسٹون تیسرے نمبر پر ہیں . پاکستان کے محمد حفیظ اس فہرست میں 19 ویں نمبر پر ہیں . . .

متعلقہ خبریں