پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی قادر خان مندوخیل پر قومی اسمبلی کے احاطہ میں داخلہ پر پابندی عائد

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی قادر مندو خیل پر قومی اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے . تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران غیر پارلیمانی رویے پر پیپلز پارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل کے قومی اسمبلی کے احاطہ میں داخلہ پر پابندی عائد کردی .

قادر خان مندوخیل پر پابندی جمعہ کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے لیے ہوگی . اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ کارروائی قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے رولز کے تحت تفویض اختیارات کے تحت کی . یاد رہے کہ گذشتہ روز پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان شریک ہوئے تھے . اجلاس کے دوران اسپیکر اسد قیصر اور پیپلزپارٹی کے رکن عبدالقادر مندوخیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی . اسپیکر اسد قیصر نے قادر مندوخیل کو بدتمیزی کرنے پر ایوان سے باہر نکال دیا تھا . اسد قیصر نے کہا کہ اپنی حد میں رہیں، ورنہ معطل کر دوں گا، یہ کوئی طریقہ ہے؟ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی قادر مندوخیل کی جانب سے سخت الفاظ کہے جانے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برہمی کا اظہار بھی کیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے کہا کہ بلاول صاحب آپ کو اپنے اراکین کے رویے کا نوٹس لینا چاہئیے . اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کیا ایسے عزت کی جاتی ہے اسپیکر کی؟ جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہمیشہ آپ کی اور آپ کے عہدے کی عزت کرتے ہیں اور آپ کو بھی اپنے عہدے کی عزت کا خیال رکھنا چاہئیے . . .

متعلقہ خبریں