کیا بابراعظم بطور اوپنر ٹیم میں واپس آئیں گے؟ ہیڈ کوچ نے خاموشی توڑ دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم سے وکٹ کیپنگ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، انہیں بطور اوپنر ہی دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بابر اعظم ٹیم میں جگہ بناتے ہیں تو وہ صائم ایوب یا فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔
مائیک ہیسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بلے باز کو یہ ہدایت نہیں دی گئی کہ وہ 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلے تاہم مارڈرن ڈے کرکٹ میں تیز کھیلنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اگر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پیچھے ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ بیٹنگ ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیاری کے سلسلے میں کیمپ لگایا گیا ہے جس میں مختلف پہلوؤں پر کام کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حسن علی ویسٹ انڈیز میں ٹیم کے ہمراہ ہوں گے، وہ اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ فاسٹ بولرز کی غیر موجودگی میں دیگر کھلاڑیوں کو آزمایا گیا ہے۔ ایسے کھلاڑی کو زیادہ موقع دیا جائیگا جو انٹرنیشنل پلان پر پورا اترتے ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کو مکمل موقع دیا جائے گا، وہ ورلڈ کلاس بولر ہیں اور ٹیم چاہتی ہے کہ وہ بہتری کے ساتھ واپس آئیں اور اچھی کارکردگی دکھائیں۔
مائیک ہیسن نے مزید بتایا کہ حارث رؤف اس وقت انجری کا شکار ہیں مگر اسکواڈ کے ساتھ موجود ہیں جبکہ سلمان مرزا کو حسن علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ہیڈ کوچ نے سلیکشن کے عمل سے متعلق بتایا کہ وہ خود سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہیں۔ سلیکشن کمیٹی 20 کھلاڑیوں کا ابتدائی انتخاب کرتی ہے جس کے بعد کپتان اور کوچ باہمی مشاورت سے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں اور یہ حتمی فہرست چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو منظوری کے لیے بھیجی جاتی ہے۔
