پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے معاوضوں میں کٹوتی کردی

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی ڈومیسٹک میچ فیس پالیسی میں تبدیلی کردی گئی . ذرائع کے مطابق اب سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ فیس ہی ملے گی جس کی وجہ یہ ہے کہ پی سی بی نے اچانک سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک میچ کھیلنے پردی جانے والی مراعات کی پالیسی بدل دی ہے .

پی سی بی کی جانب سے پالیسی بدلنے پر قومی کرکٹرز تشویش کا شکار ہوگئے ہیں ، کھلاڑیوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پالیسی بتائے بغیر اچانک تبدیل کی گئی ہے، چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تو بورڈ کا پیسہ کرکٹرز کے لیے قرار دیا تھا لیکن اب تو کرکٹرز کے ہی پیسے کم کر دیئے گئے ہیں . اس حوالے سے جب پی سی بی سے رابطہ کیا گیا تو پتا چلا کہ بورڈ کی جانب سے ہر سطح پر معاوضوں کی تفریق ختم کی گئی ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو اب یکساں میچ فیس ملتی ہے، سنیارٹی کے لحاظ سے اب سلیب سسٹم کا نظام لاگو نہیں رہا، کیوں کہ انٹرنیشنل میچز میں یکساں میچ فیس ہے تو اسی لیے ڈومیسٹک میں بھی یہی لاگو کیا گیا ہے، میچ فیس میں یکسانیت اور تفریق ختم کرنے کے لیے پالیسی کو تبدیل کیا گیا ہے . واضح رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ اور قومی ٹیم میں شامل کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ میں راغب کرنے کیلئے پی سی بی نے چند برس قبل پالیسی بنائی تھی کہ اگر سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں تو انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق میچ کیلئے آدھی فیس ملے گی، یہ عمل گزشتہ ڈومیسٹک سیزن تک جاری رہا تھا . . .

متعلقہ خبریں