عمران خان کی ہدایت، جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیدیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عمران خان کی ہدایت پر جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جنید اکبر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین وہپ کو بھیج دیا۔
جنید اکبر نے کہا ہے کہ سیاسی کمیٹی کی ہدایت پر اپنا استعفیٰ چیف وہپ کو بھیج دیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت جاری کردی تھی۔
آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل نے اعلان کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام چیئرمین قائمہ کمیٹی اور کمیٹی ممبران نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
یہ اعلان انہوں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس شروع ہونے سے قبل کیا۔ مستی خیل نے پریس گیلری کی جانب دیکھ کر اعلان کیا اور فوری طور پر ہال سے باہر چلے گئے۔
واضح رہے کہ آج پی اے سی کا اجلاس چیئرمین جنید اکبر خان کی زیرِ صدارت ہونا تھا۔ اجلاس میں قومی اہمیت کے کئی معاملات پر غور متوقع تھا۔ تاہم پی ٹی آئی کے اراکین کے اجتماعی استعفوں کے اعلان کے بعد اجلاس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ثنااللہ مستی خیل نے کہا کہ گزشتہ شب پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا ساڑھے چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تمام قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان استعفیٰ دیدیں گے۔
پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی ہوا ہے۔ میاں محمد اظہر مرحوم کی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا بھی ہم بائیکاٹ کریں گے۔‘
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے دیگر بہنوں کے ہمراہ بتایا کہ وہ کارکنان کی شکر گزار ہیں جو کئی مہینوں سے ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی قومی اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے عمران خان نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا کو ہدایات دیں اور کہاکہ ان انتخابات میں حصہ لینا دراصل انہیں قانونی جواز فراہم کرنے کے مترادف ہوگا، اس لیے ایسا نہیں کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں عمران خان سے فیملی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی بھی ملاقات ہوئی ہے، جن میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور دیگر شامل تھے۔

WhatsApp
Get Alert