وزیراعلیٰ بلوچستان کا سول اسپتال اور سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ، زخمیوں کی عیادت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے انہیں زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں اور ان کے ورثاء سے ملاقات کی اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو گزشتہ شب ہی فضائی سروس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی، مریض اور ورثاء مکمل اطمینان رکھیں۔
وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سردار کوہیار خان ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک، سینیٹر آغا شاہزیب درانی، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن، کمشنر کوئٹہ جہانزیب خان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی بھی موجود تھے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، لیکن وہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحہ کے شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

WhatsApp
Get Alert