پاکستان

دسمبر میں کب کہاں اور کتنی بارش متوقع ہے؟موسمیاتی ادارے نے پیشنگوئی کر دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اس سال بھی گزشتہ 3 سالوں کی طرح موسمِ سرما کا آغاز قبل از وقت، یعنی تقریباً نومبر کے تیسرے ہفتے میںہوا ہے۔ ⚫ دسمبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے شمالی اور مغربی حصّوں میں بارش/برفباری متوقع ہے، البتّہ ماہ کے دوسرے اور تیسرے ہفتے کے دوران کوئی خاطر خواہ بارش کا امکان نہیں، سواۓ گلگت بلتستان کے جہاں کچھ برفباری ہو سکتی ہے۔ دسمبر کے آخری 10 دنوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ متوقع ہے، جس کے اثر انداز ہونے کے امکانات فی الحال 60 فیصد تک ہیں۔پورے ماہ درجہ حرارت سرد سے انتہائی سرد رہنے کی توقع ہے۔ عنقریب مستقبل میں پاکستان میں مغربی ہواؤں کے کم از کم 4 سے 6 سلسلے اثر انداز ہونگے، جن کے نتیجے میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے تھوڑا کم یا معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔ چنانچہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں اوسطاً درجہ حرارت معمول سے (1 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ) کم رہنے کا امکان ہے۔

جبکہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور کشمیر کے بلند مقامات پر اوسطاً درجہ حرارت معمول سے (2 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ) انتہائی کم رہنے کی توقع ہے۔مجموعی طور پر شمالی خیبر پختونخواہ، شمالی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارشیں/ برفباری معمول سے کم یا معمول سے تھوڑا کم متوقع ہیں۔ جبکہ جنوبی پنجاب، جنوبی خیبر پختونخواہ اور سندھ کے زیادہ تر حصّوں میں بارشیں معمول سے کم یا معمول سے انتہائی کم متوقع ہیں۔⦿ پاکستان کے انتہائی شمال اور بلند مقامات میں برفباری معمول کے مطابق ہوگی جبکہ درجہ حرارت معمول سے انتہائی ٹھنڈے رہنے کے باعث گزشتہ 3 سال سے گلیشیئرز کی شرح میں ہونے والا اضافہ جاری رہیگا۔ اس ماہ ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں برفباری کی کم سے کم سطح 3000 فٹ تک گرنے کا امکان ہے۔ ⦿ سموگ کی شدّت سن 2017 اور 2018 کی طرح خطرناک حد تک زیادہ رہیگی۔ ہم ہوا کے معیار پر نظر رکھیں گے اور اس میں نمایاں بگاڑ یا بہتری کی صورت میں آگاہ کرتے رہیں گے۔ سموگ کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن کے حسّاس مکینوں سے التماس ہے کہ ماسک لازمی پہنیں۔ گھروں اور دفاتر کے اندر ایئر پیورفائیرز کا استعمال کریں تاکہ اندرونی فضا میں آلودہ مواد اکٹّھا نہ ہو۔ رواں موسمِ سرما ملک کے زیادہ تر حصّوں میں ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے تھوڑا کم یا کم رہیگا۔ 1981 تا 2010 پر مبنی معمول کے مقابلے میں سرد اور خشک ہواؤں کا زور زیادہ رہیگا۔ ⦿ ہواؤں کی رفتار زیادہ تر معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا کم رہیگی، بالخصوص دسمبر کے وسط میں۔ کوئی ایسی موسمی سرگرمی متوقع نہیں جس میں تیز ہوا یا آندھی چلے۔

متعلقہ خبریں