پاکستان سے اب رقابت والا معاملہ نہیں رہا، 10-15 میچز میں بھارت ہی زیادہ ترجیتا ہے: بھارتی کپتان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی کپتان سوریا کماریادیو نے کہا ہے کہ پاکستان سے اب رقابت والا معاملہ نہیں رہا اور دونوں ملکوں کی اب دشمنی نہیں بنتی۔
بھارتی کپتان سوریا کماریادیو نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 10-15 میچز میں بھارت ہی زیادہ ترجیتاہے، پاک بھارت میچز میں بھارت کی جیت کاتناسب تقریباً 1-10 ہے۔ لوگوں اور صحافیوں کویہ سوال پوچھنا بند کرناچاہیے۔
انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران اعتراف کیا کہ فیلڈنگ میں غلطیاں ہوئیں مگر آگے اور بھی اہم میچز باقی ہیں۔
سوریا کمار یادیو نے کیچ چھوڑنے والے کھلاڑیوں پر طنز کیا کہ لگتا ہےکیچ چھوڑنے والوں کے ہاتھوں میں مکھن لگا تھا، انہوں نے بتایا کہ فیلڈنگ کوچ نےکیچ چھوڑنے والےکھلاڑیوں کو ای میل کے ذریعے طلب کیا۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ دبئی کی وکٹ 14 ستمبر کے بعد کچھ آسان محسوس ہو رہی ہے، پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ وکٹ کو سمجھ کر کیا۔
سوریا کمار کا کہنا تھا کہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ 10 اوورز کے بعد کا تھا، بریک کے بعد بھارتی بولرز نئے روپ میں سامنے آئے، انہوں نے بولر ڈوبےکے اسپیل کو فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بیٹرز اسی اسپیل میں آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا جو کہ بھارت نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
