پنجاب میں اسکول کی بچیوں کو ہراساں کرنے کی ویڈیو وائرل، عوام میں شدید غم و غصہ، سی سی ڈی سے نوٹس کی اپیل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع وِہاڑی میں اسکول جانے والی معصوم بچیوں کو ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔
خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے کے خلاف سی سی ڈی کی کارروائیوں کے باوجود ایسے واقعات کا تسلسل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دو اوباش نوجوان موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اسکول جانے والی بچیوں کا پیچھا کرتے ہیں اور انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بچیوں کو خوفزدہ کر کے سڑک پر خطرناک انداز میں بھاگنے پر مجبور کیا گیا جس سے انہیں کسی بڑے حادثے کا سامنا بھی ہو سکتا تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق یہ دونوں نوجوان اکثر اسکول کے وقت اسی طرح بچیوں کو تنگ کرتے ہیں، لیکن اس بار ان کی حرکت کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عوامی ردعمل اور غم و غصہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور سی سی ڈی فوری طور پر ان افراد کے خلاف کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں کوئی بھی شخص معصوم بچیوں کو پریشان کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

WhatsApp
Get Alert