تمپ اور مند پر مشتمل ایک نیا ضلع تشکیل دیا جائے ،اصغر رند، مینا مجید، برکت علی رند

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کے ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ تمپ اور مند پر مشتمل ایک نیا ضلع تشکیل دیا جائے ۔یہ مطالبہ منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اصغررند ، وزیراعلیٰ کی مشیر مینہ مجید اور پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند نے کیا ۔منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری میر اصغر رند نے کہا کہ کیچ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باعث تعلیم اور صحت کے شعبے بری طرح متاثر ہیں ۔ماضی میں تمپ سب ڈویژن کو ضلع بنانے کی متعدد بار سفارش کی گئی مگر اس پر عملدآمد نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ 300کلو میٹر پر مشتمل ضلع کو تقسیم کر کے تمپ اور مند پر مشتمل نیا ضلع بنایا جائے اس حوالے سے تمام لواضمات بھی مکمل ہیں ۔ وزیراعلیٰ کی مشیر مینہ مجید نے کہا کہ تمپ اور مند کو ضلع کا درجہ دیا جائے آبادی کے لحاظ سے بھی یہ علاقہ ضلع بنانے کے قابل ہے ۔پارلیمانی سیکرٹری برکت علی رند نے کہا کہ مند اور تمپ کو ضلع کا درجہ دیا جائے ان علاقوں کی آبادی3لاکھ سے زائد ہے ۔بعدازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔
