پی این آئی ایل میں نام ڈالنا غیر آئینی قرار: بلوچستان ہائیکورٹ نے اختر مینگل کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا حکم دے دیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائیکورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلے میں سینئر قوم پرست سیاستدان اور سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل کا نام بغیر کسی قانونی جواز اور نوٹس کے پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں ڈالنے کے اقدام کو غیر قانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دے دیا ہے ۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ کسی بھی شہری کو قانون کے مطابق عمل کیے بغیر اس کے آزادانہ سفر کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا ۔ درخواست گزار کو 20 جولائی 2025 کو طبی علاج کے لیے دبئی جانے سے اس بنا پر روک دیا گیا تھا کہ ان کا نام پی این آئی ایل میں شامل تھا، جس پر کوئی پیشگی نوٹس یا وجہ نہیں بتائی گئی تھی ۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سرکاری جواب دہندگان پی این آئی ایل کے لیے کوئی قانونی ڈھانچہ یا تحریری منظوری پیش کرنے میں ناکام رہے، اور یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 4، 9، 10-اے، 15 اور 25 کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ عدالت نے فوری طور پر درخواست گزار کا نام پی این آئی ایل اور دیگر تمام سفری پابندی کی فہرستوں سے خارج کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔ کیس کی پیروی ساجد ترین ایڈوکیٹ نے کی ۔
