چمن کے مسائل پر تمام جماعتیں متحد، 11 اکتوبر کو تاریخی احتجاج کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی آل پارٹیز کی نمائندگی کرتے ہوئے پریس کانفرنس


چمن(قدرت روزنامہ)آل پارٹیز نے چمن بارڈر پر بدامنی، منشیات فروشی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین مسائل کے خلاف متحد ہو کر 11 اکتوبر بروز ہفتہ چمن پریس کلب کے سامنے تاریخی احتجاجی مظاہرے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے چمن پریس کلب میں ایک پرہجوم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پریس کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، پشتونخوا میپ کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، پشتونخوا نیپ کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیری سمیت دیگر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اصغر خان اچکزئی نے تمام جماعتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ “تمام پارٹیوں کی جانب سے 11 اکتوبر، بروز ہفتہ چمن پریس کلب کے سامنے ایک تاریخی احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ پورا وطن اس میں شریک ہوگا۔ ہم تمام پارٹیاں چمن بارڈر پر بدامنی، منشیات، افغان مہاجرین، قتل وغارت، بھتہ خوری، اسلحہ کلچر، مائنز اور منرلز جیسے مسائل پر متحد ہیں۔”
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ “آپ سب کو اس پرامن جمہوری احتجاج کے لیے نکلنا ہوگا، تب ہی ہماری مشکلات کا حل ممکن ہوگا۔”
رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ چمن کے عوام کو درپیش مسائل پر اب مزید خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی اور تمام سیاسی قوتیں عوام کے حقوق کے لیے مل کر جدوجہد کریں گی۔ مشترکہ احتجاج کا مقصد حکام بالا کی توجہ ان سنگین مسائل کی جانب مبذول کرانا اور ان کے فوری حل کا مطالبہ کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert