نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری: پشاور ہائیکورٹ نے گورنر سے کل تک جواب طلب کرلیا

پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور ہائیکورٹ نے نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی حلف برداری سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا سے کل تک جواب طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر گورنر حلف نہیں لینا چاہتے تو اس کی وجوہات سے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔
چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی جہاں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل پیش کیے۔ سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین میں وزیر اعلیٰ کے استعفے کی منظوری کا کوئی ذکر نہیں، استعفیٰ پیش ہوتے ہی عہدہ خالی ہوجاتا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر کی جانب سے سمری گورنر کو ارسال کردی گئی ہے۔
وکیل پی ٹی آئی نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ حلف لینے کے لیے کسی بھی شخصیت کو نامزد کرسکتی ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ “ہم اس درخواست کو جوڈیشل نہیں بلکہ ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر دیکھ رہے ہیں۔”
عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ وہ کل تک گورنر کا جواب عدالت میں جمع کرائیں۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ اگر گورنر حلف نہیں لینا چاہتے تو انہیں اس کی وجوہات سے عدالت کو آگاہ کرنا ہوگا۔
بعد ازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
