افغان طالبان کے بزدلانہ حملے ناکام، چمن اور کرم میں 50 کے قریب جنگجو ہلاک

پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی، دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان، افغان دعویٰ مسترد

راولپنڈی: پاک فوج نے پاک-افغان سرحد پر چمن اور کرم کے سیکٹرز میں افغان طالبان اور کالعدم تنظیموں (فتنۃ الخوارج) کے متعدد مربوط اور بلااشتعال حملوں کو کامیابی سے پسپا کرتے ہوئے تقریباً 50 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستانی افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جس کے نتیجے میں انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 15 اکتوبر بروز بدھ کی صبح افغان طالبان نے بلوچستان کے ضلع چمن سے متصل اسپن بولدک کے علاقے میں چار مختلف مقامات پر بزدلانہ حملوں کا آغاز کیا۔ یہ حملے شہری آبادی کی آڑ لے کر کیے گئے اور اس دوران چمن کی سویلین آبادی پر بھی بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ افغان طالبان نے سرحدی تجارت اور آمد و رفت کے لیے اہم پاک-افغان فرینڈشپ گیٹ کو بھی نقصان پہنچایا۔

پاکستانی افواج نے جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے حملہ آوروں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ جوابی کارروائی میں 15 سے 20 افغان طالبان اور دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسپن بولدک کا حملہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔ اس سے قبل 14 اور 15 اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے جنگجوؤں نے خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی سرحدی چوکیوں پر حملوں کی کوشش کی، جسے وہاں تعینات پاکستانی جوانوں نے بھرپور طریقے سے ناکام بنا دیا۔

کرم میں کی گئی جوابی کارروائی میں دشمن کو شدید نقصان پہنچا۔ پاک فوج نے افغان طالبان کی 8 پوسٹوں کو تباہ کر دیا، جن میں 6 ٹینک پوزیشنز بھی شامل تھیں۔ اس کارروائی میں اندازاً 25 سے 30 افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے جنگجو مارے گئے۔

بیان میں افغان طالبان کے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا گیا کہ حملوں کا آغاز پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے اسے “گھناؤنا اور واضح جھوٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالبان انتظامیہ کا پروپیگنڈا زمینی حقائق کی جانچ سے آسانی سے بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔

آئی ایس پی آر نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج ملک کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert