سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز، وزیر اعظم شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

ریاض (قدرت روزنامہ)سعودی عرب اور پاکستان نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور معاشی، تجارتی و توانائی تعاون کے نئے دور کا آغاز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان پیر 27 اکتوبر 2025 کو ریاض میں ہونے والی ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے مشترکہ طور پر ایک اقتصادی تعاون کے فریم ورک (Economic Cooperation Framework) کا آغاز کیا۔
اعلامیے کے مطابق یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی معاشی شراکت داری کو فروغ دینے، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے، اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
دونوں فریقوں نے توانائی، صنعت، معدنیات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور خوراک کی سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر بجلی کے تبادلے (Electricity Interconnection Project) اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے دو مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئی راہیں کھولے گا۔
دونوں رہنماؤں نے سعودی۔پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد پر بھی اتفاق کیا تاکہ مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اعلامیہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینے اور خطے میں معاشی استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
