لیویز فورس کے پولیس میں انضمام سے انکار کرنے والے اہلکاروں کو گولڈن ہینڈ شیک دیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان
پولیس میں شامل نہ ہونے والے لیویز اہلکار فارغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے — میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لیویز فورس کے ان اہلکاروں کو جو پولیس میں انضمام نہیں چاہتے، گولڈن ہینڈ شیک دے کر ملازمت سے فارغ کرنے کا آپشن زیر غور ہے تاکہ ان کی جگہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے یہ بات سینٹرل پولیس آفس میں یادگارِ شہدا پر حاضری اور آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ لیویز اور پولیس کے انضمام کا مقصد ایک متحد، مؤثر اور پیشہ ور سیکیورٹی نظام تشکیل دینا ہے تاکہ بلوچستان میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبے میں امن و امان کی بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ادارہ جاتی اصلاحات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔
