ژوب میں دو مختلف واقعات: سڑک حادثے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق، سنیزئی میں بھائیوں کے ہاتھوں بھائی قتل
قومی شاہراہ پر گاڑی کی ٹکر سے جلال الدین کاکڑ جاں بحق، سنیزئی میں احوال خان کاکڑ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، ورثا نے ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کر دیا

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) ژوب میں دو الگ الگ واقعات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پہلا واقعہ کوئٹہ قومی شاہراہ پر سرکاری ریڈیو اسٹیشن کے قریب پیش آیا جہاں ٹو ڈی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جلال الدین کاکڑ ساکن کلی شہاب زئی زئی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر کے باعث پیش آیا۔
دوسرا واقعہ ژوب کے علاقے سنیزئی میں پیش آیا جہاں بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنے ہی بھائی احوال خان کاکڑ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مقتول تین روز قبل ناراضگی ختم کرنے کے لیے والد سے ملنے آبائی گھر پہنچے تھے۔ ایس ایچ او تھانہ بادنزئی نقیب اللہ کے مطابق مقتول ماضی میں چوری اور شمسی پلیٹوں کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے والد، بھائیوں اور بیوہ نے ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کر دیا ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
