پنجگور: ایف سی کا کامیاب آپریشن، بھانجی کو انسانی ڈھال بنانے کی کوشش ناکام، کالعدم تنظیم کا دہشت گرد زندہ گرفتار

پنجگور(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز (ایف سی) نے پنجگور کے علاقے عیسیٰ میں دہشت گردوں کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو زندہ گرفتار کرلیا۔
ایف سی پنجگور کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کے دوران دہشت گرد قاسم نے ایک کمرے میں پناہ لی اور اپنی بھانجی نازیہ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، نازیہ کے انکار پر ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں (مبینہ طور پر قاسم نے) اسے نقصان پہنچایا۔
اس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے روم کلیئرنس کے دوران غیر معمولی مہارت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد قاسم کو زندہ گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تفتیش میں قاسم ولد جما خان (ساکن تاسپ، پنجگور) نے انکشاف کیا کہ اس کی بہن فریدہ، بھانجی نازیہ اور بھانجا احمد علی سب ‘فتنہ الخوارج’ کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ قاسم نے اعتراف کیا کہ وہ مقصود، نیاز اور داؤد نامی عناصر کے ساتھ ‘فتنہ الخوارج’ کے ٹی ٹی پی ونگ میں سرگرم تھا اور متعدد حملوں میں بھی شریک رہا ہے۔
مزید تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ قاسم کی بہن فریدہ کے پاس ایرانی و پاکستانی شناختی اسناد موجود ہیں، جنہیں وہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں سہولت کاری کے لیے استعمال کرتی رہی۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق، قاسم سے حاصل ہونے والی معلومات پنجگور اور گردونواح میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
