حکو مت آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم
آزاد،باخبر اورذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشریکی بنیاد ہے، صحافیوں پر تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی دیگر جرائم آزادی اظہار پر حملہ ہیں، بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل ہے صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے،شہبازشریف کا صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائل کا سامنا کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند رکھا ہے،بلاول بھٹو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد، باخبر اور ذمہ دار صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صحافی حقائق تک عوام کی رسائی کو ممکن بناتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں، اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے خلاف تشدد، دھمکی یا انتقام پر مبنی جرائم دراصل آزادی اظہار پر حملہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر ان تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں اور ان اہلِ قلم و میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، ہم ایسے تمام اقدامات کریں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی موثر تفتیش، انصاف کی فراہمی اور ان جرائم کے مرتکبین کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔ دریں اثنا اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے کہا کہ صحافت ریاست کا اہم ستون اورجمہوریت کا بنیادی جزو ہے، جمہوری اورانصاف پسندمعاشریکی تشکیل کے لئے صحافیوں کیخلاف جرائم کا خاتمہ ناگزیر ہے,غزہ، فلسطین اورمقبوضہ جموں وکشمیرمیں صحافیوں پرمظالم کی شدید مذمت کرتا ہوں،رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 پارلیمان کے ٹرانسپیرنسی کے فروغ کے عزم کا مظہرہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صحافیوں کو دھمکانا یا انصاف سے محروم کرکے خاموش کرن اصرف افراد نہیں بلکہ جمہوریت پرحملہ ہے،مقبوضہ کشمیر اورغزہ میں بھارتی و اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں صحافیوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہیں،تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائل کا سامنا کرنے کے باوجود پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔
