بلوچستان اسمبلی کے وفد کا دورہ فرانس: تصاویر وائرل، سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل

اسپیکر، اپوزیشن لیڈر اور صوبائی وزراء پر مشتمل وفد کے غیر ملکی دورے پر عوام کا سوال: کیا یہ وقت عوامی وسائل کے درست استعمال کا ہے؟ صارفین کی تنقید: صوبہ سنگین مسائل (کرائم، غربت، لاشیں برآمدگی) کا شکار، حکومتی نمائندوں کی ترجیحات پر سوال


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی جانب سے فرانس کا دورہ اور اس دورے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید اور سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔تصاویر میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری، صوبائی وزراء صادق عمرانی اور سلیم کھوسہ سمیت سیکرٹری بلوچستان اسمبلی اور اسپیکر کے سرکاری سٹاف کو فرانس میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ان تصاویر کے وائرل ہوتے ہی بلوچستان کے عوام اور سوشل میڈیا صارفین نے سخت سوالات اٹھانا شروع کر دیے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین نے وفد کے اس غیر ملکی دورے پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ صارفین کا موقف ہے کہ ایسے وقت میں جب صوبہ بلوچستان امن و امان کے سنگین مسائل، شدید غربت، مہنگائی اور انسانی بحرانوں کا شکار ہے، صوبائی حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کا سرکاری خرچے پر غیر ضروری غیر ملکی دورہ کرنا عوامی وسائل کا ضیاع ہے۔


صارفین نے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب صوبے کو حقیقی قیادت اور وسائل کی درست ترجیح کی ضرورت ہے، تو حکومتی نمائندے غیر ملکی تفریح کو ترجیح دے رہے ہیں۔ صارفین کی جانب سے حکومتی ترجیحات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عوامی نمائندے بیرون ملک دوروں پر خرچ ہونے والے فنڈز کو بلوچستان کے بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم پر خرچ کریں۔

WhatsApp
Get Alert