اے این پی کی ‘ملگری وکیلان’ کو تاریخی فتح پر مبارکباد: آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے نظریے کی جیت ہے ، انجینئر زمرک خان اچکزئی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی (ANP) کے مرکزی رہنما اور پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے خیبر پختونخوا بار کونسل کے حالیہ انتخابات میں ملگری وکیلان اور ان کے اتحادیوں کی شاندار کامیابی کو دراصل اے این پی کے نظریے، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد کی فتح قرار دیا ہے۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ملگری وکیلان نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق، اور عدلیہ کی آزادی کے لیے صفِ اول میں کردار ادا کیا ہے، اور آج کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وکلاء باچا خان اور خان عبدالولی خان کے قائم کردہ جمہوریت، برداشت، امن اور انصاف کے نظریے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
اچکزئی نے زور دیا کہ وکلاء برادری ہمیشہ سے جمہوری قوتوں کے لیے ایک مضبوط قلعہ رہی ہے اور اے این پی ملک میں آئین، قانون، جمہوریت اور صوبائی خودمختاری کے استحکام کے لیے وکلاء کے شانہ بشانہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے ان قوتوں پر تنقید کی جنہیں یہ گمان تھا کہ وہ انہیں ختم کر چکے ہیں، اور کہا کہ کروڑوں روپے لگانے کے باوجود وہ ناکام ہوئے کیونکہ اے این پی نظریے کے وارث ہیں اور جب عوامی قبولیت کا وقت آتا ہے تو کوئی طاقت انہیں مٹا نہیں سکتی۔ یہ تاریخی کامیابی تمام قوم پرستوں، جمہوریت پسندوں اور ترقی پسند قوتوں کے لیے مبارک ہے۔

WhatsApp
Get Alert