چمن بارڈر پر ایک بار پھر کشیدگی — افغان فورسز کی دراندازی کی کوشش، پاک فوج کا بھرپور جواب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پاک افغان سرحد چمن پر ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی، جہاں افغان فورسز نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ سرحدی گاؤں ماضل گلی کے قریب کئی گھنٹوں تک دونوں جانب سے فائرنگ اور مارٹر گولوں کا تبادلہ جاری رہا، جس کی آوازیں دور دور تک سنائی دیتی رہیں۔ افغان جانب ویش بارڈر کے قریب گولے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں، جس کے باعث وہاں کے مقامی دکانداروں نے مارکیٹیں بند کر کے محفوظ مقامات کا رخ کیا۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے بلااشتعال فائرنگ شروع کر کے سرحد پار کرنے کی کوشش کی، تاہم پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور سرحدی علاقے میں اضافی دستے تعینات کر دیے ہیں۔ کشیدگی کے باعث بابِ دوستی بند کر دیا گیا اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک فائرنگ کے تبادلے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، سینکڑوں افراد دونوں اطراف سرحد پر پھنس کر رہ گئے۔ ضلعی انتظامیہ نے قریبی دیہات کے مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال کر ہائی الرٹ نافذ کر دیا ہے۔
