لیویز فورس بلوچستان کے مالی معاملات میں سنگین بے ضابطگیاں، غیر منظور شدہ بینک اکاؤنٹ فوری بند کرنے کا حکم

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس چیئرمین اصغر علی ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں لیویز فورس بلوچستان کے مالیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے نیشنل بینک شاہراہِ اقبال میں محکمہ خزانہ کی منظوری کے بغیر کھولے گئے غیر قانونی بینک اکاؤنٹ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے فوری بند کرنے اور 13.969 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ڈی جی لیویز کے زیرِ انتظام زونل دفاتر اور خضدار ٹریننگ سینٹر نے 240.80 ملین روپے کے اخراجات کا ریکارڈ آڈٹ حکام کو فراہم نہیں کیا جبکہ 105.099 ملین روپے کے کنٹریکٹس بغیر ٹینڈر کے دیے گئے۔ کمیٹی نے ان اخراجات کو مالی بے ضابطگی قرار دیتے ہوئے مکمل انکوائری اور باقاعدہ منظوری کا حکم جاری کیا۔
