بلوچستان اسمبلی ‘ کم عمری کی شادی کے خلاف بل منظور — قانون سازی حکومت کا آئینی اختیار ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کم عمری کی شادی کی ممانعت سے متعلق بل کی منظوری پر ہونے والے ہنگامے کے ردعمل میں کہا کہ قانون سازی حکومت کا آئینی و جمہوری حق ہے اور آج اسی حق کو استعمال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیش کردہ بل گزشتہ چھ ماہ سے اسمبلی کی متعلقہ کمیٹیوں میں زیر غور تھا، کابینہ اس کی منظوری پہلے ہی دے چکی تھی اور آج اکثریت نے ووٹ دے کر اسے قواعد کے مطابق منظور کیا، جو جمہوری عمل کی مضبوطی کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے اور حکومت اس کا احترام کرتی ہے، بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں کیونکہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تمام قانون سازی مشاورت، شفافیت اور وسیع اتفاق رائے سے کرتی ہے جبکہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے سنجیدگی سے اقدامات جاری رہیں گے۔
