تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دوں گا، ساری توجہ کرکٹ پر ہے: بابراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹر بابراعظم نے گزشتہ 2 سالوں کے دوران بہتر پرفارم نہ کرنےکے باعث اُن پر تنقید کرنے والوں کو جواب دینے سے گریز کیا اور واضح کیا کہ ان کا کام کرکٹ کھیلنا اور گراؤنڈ میں پرفارم کرنا ہے، اسی پر ساری توجہ مرکوز ہے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ مشکل وقت گزرا تاہم میں نے اپنی فٹنس، بیٹنگ ، فیلڈنگ پر کام کیا، جب بھی کبھی مشکل وقت آئے اپنے اوپر اعتماد رکھیں۔
بابراعظم نے کہاکہ مداحوں نے برے وقت میں ہمیشہ سپورٹ کیا، مداحوں کی سپورٹ سے بہت حوصلہ ملا ، جو ٹارگیٹ تھا اس کے مطابق بیٹنگ کی، سنچری اسکور کرنےکے بعد اعتماد بحال ہواہے، خود پر بھروسہ تھا کہ سنچری اسکور کرنی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میں سنچری اسکور کرکے بابر اعظم نے سعید انور کا قومی ریکارڈ برابر کیا، سعید انور نے 244 اننگز میں پاکستان کے لیے 20 ون ڈے انٹرنیشنل سنچریاں اسکور کی تھیں۔
بابر اعظم نے 136 ویں اننگز میں اپنے ون ڈے کیرئیر کی 20 ویں ون ڈے انٹرنیشنل سنچری اسکور کی، بابر اعظم کم سے کم اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert