ڈیزل 6 روپے مہنگا! ٹرانسپورٹرز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی! ملک گیر ہڑتال کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی اگلے پندرہ روز کے لیے نئی قیمتیں جاری کر دی ہیں، جو رات 12 بجے سے مؤثر ہو چکی ہیں۔ تازہ اعلان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ پٹرول کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔ نئے نرخوں کے تحت ڈیزل 284 روپے 44 پیسے فی لیٹر اور پٹرول 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی کا اثر ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت روزمرہ اشیائے ضرورت کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔ اسی پس منظر میں سابق رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اس اضافے پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری حکومت کے اس فیصلے کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات، ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹرز اور عام شہری دونوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات انہیں ملک گیر ہڑتال کی جانب دھکیل رہے ہیں اور اگر صورتحال یہی رہی تو جلد اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ برادری نے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert