ایران بارڈر پر سوراپ مند تجارتی پوائنٹ طویل تعطل کے بعد دوبارہ بحال، معاشی سرگرمیوں میں رونق لوٹنے لگی

مقامی تاجروں اور شہریوں نے بحالی کو تاریخی پیش رفت قرار دیا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع


ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد اور پارلیمانی سیکرٹری حاجی برکت رند کی کوششوں کو عوام نے سراہا
مند(قدرت روزنامہ)پاک ایران سرحد پر واقع سوراپ مند تجارتی پوائنٹ طویل تعطل کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا، جس سے نہ صرف مند بلکہ پورے مکران ڈویژن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تجارتی پوائنٹ کی بندش کے باعث گزشتہ عرصے میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں اور بے روزگاری میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
سوراپ تجارتی پوائنٹ کی بحالی سے اب تجارت، روزگار اور معاشی استحکام کے نئے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ مقامی تاجروں اور شہریوں نے اس فیصلے کو تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں معاشی سرگرمیوں کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔اہالیانِ مند نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس اہم پیش رفت کے پیچھے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز حاجی برکت رند، آئی جی ایف سی جنرل بلال سرفراز سمیت دیگر متعلقہ حکام کی مسلسل کوششیں شامل ہیں، جنہوں نے عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا۔شہریوں کے مطابق تجارتی پوائنٹ کے فعال ہونے سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔
مقامی مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش، ایندھن، تعمیراتی سامان اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروریات کی ترسیل آسان ہوگی، جبکہ چھوٹے کاروباروں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔عوام نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور انتظامیہ آئندہ بھی بارڈر سے متعلق دیگر مسائل کو اسی تسلسل اور جذبے کے ساتھ حل کریں گے تاکہ خطے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔

WhatsApp
Get Alert