‘انٹرنیٹ کی معطلی نے صوبے کی تعلیمی، معاشی اور سماجی زندگی کو شدید نقصان پہنچایا ، فی الفور کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کی جائے ،نصراللہ زیرے


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری اوّل فقیر خوشحال کاسی نے اپنے مشترکہ بیان میں حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی بار بار بندش کو انتہائی تشویشناک، غیر ذمہ دارانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی معطلی نے صوبے کی تعلیمی، معاشی اور سماجی زندگی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کی جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اکیسویں صدی میں انٹرنیٹ دنیا بھر میں ایک بنیادی انسانی، تعلیمی اور معاشی ضرورت کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ جدید دنیا میں یونیورسٹیز، اسکولز، تحقیقاتی ادارے، کاروباری مراکز، بینکنگ سسٹم، ای کامرس، میڈیا اور عوامی رابطہ تمام تر انٹرنیٹ ٹیکنالوجی پر ہی انحصار کرتے ہیں۔ لیکن افسوس کے ساتھ یہ امر قابلِ مذمت ہے کہ پاکستان میں خصوصاً پشتون اور بلوچ علاقوں کو ان بنیادی سہولتوں سے جان بوجھ کر محروم رکھا جا رہا ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بیان میں اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ انٹرنیٹ کی بندش نے سب سے زیادہ اثر طلبائ￿ و طالبات پر ڈالا ہے۔ آن لائن کلاسز، ریسرچ، امتحانات اور یونیورسٹی کے ضروری امور مسلسل متاثر ہو رہے ہیں، جس سے ہزاروں طلبائ￿ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔ دوسری جانب صوبے کا کاروباری طبقہ بھی شدید پریشان ہے، کیونکہ انٹرنیٹ کے بغیر تجارت، آن لائن ٹرانزیکشنز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، بینکنگ سسٹم اور روزمرہ کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ انٹرنیٹ بندش نہ صرف معاشی و تعلیمی نقصان کا باعث ہے بلکہ یہ بنیادی شہری حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ دنیا بھر میں ریاستیں اپنے عوام کو بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جبکہ یہاں موجودہ حکومت پہلے سے موجود سہولتیں چھیننے میں مصروف ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کرے، عوام کے معاشی و تعلیمی نقصان کا ازالہ کرے، اور مستقبل میں ایسے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات سے باز رہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ صوبے کے عوام مزید اس ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے اور اگر انٹرنیٹ بندش کا سلسلہ جاری رہا تو عوامی سطح پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert