بلوچستان : حب میں جعلی لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کا بڑا انکشاف، 442 سرٹیفکیٹس جعلی — انکوائری کمیٹی کی سفارش پر ڈی سی اور اے ڈی سی معطل


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بلوچستان کے ضلع حب میں جعلی لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے سنگین معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے بڑی انتظامی کارروائی کی ہے۔ ممبر بورڈ آف ریونیو بشیر بنگلزئی کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی نے اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف کیا کہ حب میں جاری کیے گئے 422 لوکل سرٹیفکیٹس میں سے 133 جعلی پائے گئے، جبکہ 409 ڈومیسائل سرٹیفکیٹس میں سے 309 جعلی نکلے۔ رپورٹ میں افسران کو تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نثار احمد لانگو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علی رضا کھوسو کو 90 روز (تین ماہ) کے لیے معطل کر دیا۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ بلوچستان ایمپلائیز ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کی سیکشن 6 کے تحت کیا گیا ہے اور معطلی فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ معاملے کی مزید کارروائی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert