26 نومبر تاریخ کا سیاہ ترین دن، ایف آئی آر شہباز نقوی اور ڈی چوک میں تعینات ملٹری افسران کے خلاف ہونی چاہیے، محمود خان اچکزئی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے 26 نومبر کے حوالے سے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی سیاہ دن ہے، جس میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنوں پر ریاستی طاقت کے ذریعے گولیاں برسائی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کارکن صرف اپنے قائدین سے اظہارِ یکجہتی، آئین کی سربلندی، عوامی مینڈیٹ کی بحالی اور آزاد عدلیہ کے لیے آواز اٹھانے آئے تھے۔ ان کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ چاہتے تھے کہ پاکستان کے فیصلے چند سرپھرے قاتلوں کے بجائے منتخب پارلیمنٹ کرے، عدالتیں آزاد ہوں اور پریس آزاد ہو، انہوں نے کہا۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 26 نومبر کے شہدا کسی ایک سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ حق گوئی اور بیباکی کے علمبردار تھے، جو حدیثِ نبویؓ کے مطابق جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنے نکلے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پشین کا نوجوان، جو پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، انہی فائرنگ کے واقعات میں شہید ہوا۔انہوں نے ہدایت کی کہ 26 نومبر کو پورے ملک میں پریس کلبوں کے سامنے مظاہرے، مساجد میں فاتحہ خوانی اور شہدا کے گھروں پر تعزیت کے دورے کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کہا کہ اگر ایف آئی آر درج ہونی ہے تو وہ شہباز نقوی اور ڈی چوک میں تعینات متعلقہ ملٹری افسران کے خلاف ہونی چاہیے۔اچکزئی نے کہا کہ شہدا قوموں کے رہنما ہوتے ہیں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تمام جمہوریت پسند قوتیں اس دن کو بھرپور انداز میں منائیں اور شہدا کی جدوجہد کو سلام پیش کریں۔

WhatsApp
Get Alert