وزیر اعلیٰ بلوچستان کو تبدیل کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، وفاق صوبے کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کو تبدیل کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کی اتحادی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی کیونکہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

ملاقات میں بلوچستان میں جاری عوامی فلاح اور وفاقی تعاون پر گفتگو ہوئی اور اسپیکر نے بلوچستان میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے صوبے کیلئے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے اور وفاق اور صوبوں کے مابین رابطوں کے فروغ سے عوامی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی قیادت اور پارلیمانی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بلوچستان اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی میں قومی اسمبلی کے تعاون کو سراہا۔ سرفراز احمد بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف نبردآزما ہیں اور پارلیمان صوبوں کی مضبوط آواز ہے۔

WhatsApp
Get Alert