لاؤڈ سپیکر میں اذان سے پہلے درود پڑھنے پر امام مسجد کے خلاف مقدمہ درج، گوجرہ بار کا ہڑتال کا اعلان

ٹوبہ ٹیک سنگھ(قدرت روزنامہ)گوجرہ میں اذان سے پہلے لاؤڈ سپیکر میں درود پڑھنے پر امام مسجد پر لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تھانہ سٹی گوجرہ میں درج مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار سرکاری گاڑی میں گشت کے دوران حفیظ پارک گوجرہ کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ اس دوران جامعہ مسجد غوثیہ رضویہ حفیظ پارک گوجرہ کا امام مسجد آصف محمود مصطفائی اذان سے قبل سپیکر چلا کر صلوٰۃ پڑھ رہا تھا۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر امام مسجد آصف محمود مسجد کے مین گیٹ کو تالا لگا کر فرار ہوگیا۔ امام مسجد کے خلاف ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر شدید رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے۔ مذہبی شخصیات کی طرف سے اس عمل کی مذمت کی گئی ہے جب کہ گوجرہ بار ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ اس کے ساتھ متعلقہ ڈی ایس پی اور مقدمہ کے مدعی پولیس اہلکار کے خلاف مقدمے کی درخواست جمع کرادی گئی ہے۔
