وزیراعظم کے وطن پہنچتے ہی فیلڈ مارشل کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہو جائےگا، وزیر قانون

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہو جائےگا، وزیراعظم شہباز شریف ملک میں نہیں تھے وہ آئیں گے تو سارا کام ہو جائےگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ کام وزارت دفاع نے کرنا ہے جو ہو جائےگا، ہو سکتا ہے فائل ورک ہو چکا ہو۔
نوٹیفیکیشن ہو جائے گا، وزیر اعظم بھی ملک میں نہیں تھے وہ آئیں گے تو سارا کام ہو جانا چاہیے۔ یہ کام وزارت دفاع نے کرنا ہے، اعظم نذیر تارڑ pic.twitter.com/Ucw6DpzZTm
— WE News (@WENewsPk) December 1, 2025
واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 243 میں ترمیم کی ہے، جس کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے۔
ترمیم کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت ملازمت 5 سال ہوگی، اور حکومت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔
دوسری جانب ابھی تک حکومت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نئی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، جس پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔
ادھ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں، ہو سکتا ہے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کریں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ذریعے پاکستان کو ایسی عزت ملی جس کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھارت کے طیارے گرائے، جسے دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صورتحال بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسی ہے، ہم نے بہت جیلیں دیکھیں لیکن کبھی ملک کے خلاف سازش نہیں کی۔
