بلوچستان کابینہ اجلاس : پاک افواج چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ‘ میر سرفراز بگٹی
خواتین کیلئے ”پنک بس سروس“ کا آغاز بینک آف بلوچستان“ کے قیام کی منظوری آلودگی پھیلانے والے رکشوں اور بائیکس پر پابندی کا فیصلہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا بیسواں اجلاس منعقد ہوا جس میں موسمیاتی تبدیلی، گرین بسوں کے روٹس میں اضافہ، جسٹس آف دی پیس کی تعیناتی، بینک آف بلوچستان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ”سی ڈی ایف“ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، پاک افواج چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اجلاس میں عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے گرین بس سروس کے روٹس اور تعداد میں مزید اضافے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے ”پنک بس سروس“ کا آغاز کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہے جس کے لیے بلوچستان میں پہلا کلائیمنٹ فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔ کابینہ نے آلودگی کا باعث بننے والے رکشوں اور موٹر بائیکس پر مرحلہ وار پابندی عائد کرنے اور صوبے میں الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔
صوبائی کابینہ نے ”بینک آف بلوچستان“ کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے آئندہ سال تک عملی جامہ پہنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ بینک کا انتظامی بورڈ سو فیصد میرٹ پر قائم کیا جائے اور اسے ہر طرح کے سیاسی دباؤ اور مصلحتوں سے آزاد رکھا جائے۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ڈویژن کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو جسٹس آف پیس کے اختیارات تفویض کر دیے، جو پولیس کو ایف آئی آر کے اندراج کی ہدایت اور ہراسانی کی شکایات کا ازالہ کر سکیں گے۔
اجلاس میں 3 ہزار سنگل روم اسکولز میں اضافی کمروں کی تعمیر کے اخراجات کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا اور فیصلہ ہوا کہ آئندہ تین سالوں میں 90 فیصد سنگل روم اسکولوں کو دو کمروں تک توسیع دی جائے گی۔ کابینہ نے اقلیتی ”بہائی“ کمیونٹی کے لئے اسپیشل میرج ایکٹ، بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹریبونل کے چیئرپرسن کی تقرری، برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن ماڈل بائی لاز 2022، ٹیکس آن لینڈ اینڈ ایگریکلچر انکم رولز 2025، بلوچستان لائیولی ہڈ سپورٹ پروجیکٹ اور بلوچستان لیویز فورس سروس رولز 2023 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔
