بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کارکنوں پر تشدد بدترین آمریت، ملک بحرانوں کا شکار ہے، شفاف انتخابات کرائے جائیں: پشتونخوا میپ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بانی تحریکِ انصاف عمران خان کی بہنوں، پارٹی کے منتخب نمائندوں اور کارکنان پر تشدد اور واٹر کینن کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں سیاسی اپوزیشن کے خلاف ریاستی طاقت اور بدترین آمرانہ ہتھکنڈوں کا استعمال جاری ہے۔
ایک غیر نمائندہ اور ناجائز حکمران رجیم کو برقرار رکھنے کے لیے آئینی و قانونی ڈھانچے کو پامال کیا جارہا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے سب سے مقبول سیاسی رہنما کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے اور عدالتی احکامات کے باوجود ان کے اہلِ خانہ، پارٹی قیادت اور ایک صوبے کے منتخب وزیرِاعلیٰ کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔
مزید برآں گزشتہ روز پشاور میں تحریکِ انصاف کی ایک منتخب سینیٹر کے گھر پر مسلح افراد کا حملہ نہایت تشویش ناک اور ریاستی بحران کی گہری علامت ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا موقف ہے کہ پاکستان کو درپیش موجودہ سیاسی و ریاستی بحرانوں کا واحد حل جمہور کی حکمرانی، جمہوریت کی بالادستی، آئین کی مکمل عملداری اور قانون کی حکمرانی ہے۔
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے، ایک آزاد، غیر جانبدار اور خودمختار الیکشن کمیشن تشکیل دے کر ملک میں آزاد و شفاف انتخابات کرائے جائیں، اور انتخابات کے نتیجے میں بننے والی بااختیار پارلیمنٹ ہی قوم کی قسمت کے فیصلے کرے۔

WhatsApp
Get Alert