ملک ہمہ جہت بحرانوں میں ہے، قومی کانفرنس میں تمام سٹیک ہولڈرز سر جوڑ کر بیٹھیں: محمود خان اچکزئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ہمہ جہت بحرانوں سے نکالنے کیلئے قومی کانفرنس بلائی جائے جس میں فوج، انٹیلی جنس ایجنسیاں، سیاسی پارٹیاں، وکلاء، ججز اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں اور کم از کم تین دن تک سر جوڑ کر بیٹھیں تاکہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کینسر کے مریض کی طرح نیچے جا رہا ہے، محنت کش طبقہ ملک چھوڑ رہا ہے۔ الیکشن میں سرعام رشوت کے ذریعے نتائج بدلے گئے، ضمیر فروشوں کو اچھا پاکستانی سمجھا جا رہا ہے جبکہ ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے والوں کو چھوڑا نہیں جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ فوج اپنی حدود میں رہے، فیصلے سیاسی لوگ کرتے ہیں۔ پاکستان دنیا سے کٹ کر نہیں رہ سکتا۔ آئین کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، آئین کو چھیڑنے والے سب سے بڑے سیکیورٹی رسک ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور ایک آزاد و خود مختار الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان دو روزہ کانفرنس کرے گی جس میں ججز، جرنلسٹ، وکلاء اور محب وطن پاکستانی شرکت کریں گے۔
