فورتھ شیڈول کے نام پر سیاسی کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، خانوزئی میں 35 افراد کا اندراج غیر قانونی ہے: پشتونخوا میپ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں انسدادِ دہشت گردی کے تحت فورتھ شیڈول کے نام پر قومی، سیاسی اور جمہوری کارکنوں کی فہرست میں شمولیت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ عمل عوام کو حقیقی رہنماں کی جدوجہد سے روکنے اور اپنے وطن و وسائل کے دفاع سے دستبردار کرانے کے مترادف ہے، جو نہ صرف غیر آئینی بلکہ جمہوری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا میپ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری حکمرانی اور قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کی حامی جماعت ہے، تاہم مقتدر قوتیں پارٹی کی سیاسی و جمہوری جدوجہد سے خائف ہوکر کارکنوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنا رہی ہیں۔پارٹی نے واضح کیا کہ گزشتہ سال چمن میں مرکزی و صوبائی عہدیداروں عبدالعلیم پہلوان، کریم خان ناظم اور شیر علی خان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے جبکہ حال ہی میں خانوزئی میں 35 افراد کا اندراج بھی غیر قانونی اقدام ہے۔ بیان کے مطابق فارم 47 کی حکومت صوبے بھر میں سیاسی و سماجی رہنماں، کارکنوں، وکلا اور شہریوں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرتی جارہی ہے۔پشتونخوا میپ نے مطالبہ کیا کہ سیاسی، قومی اور جمہوری کارکنوں کے خلاف یہ سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے اور تمام نام فورتھ شیڈول سے نکالے جائیں۔
