اظہر محمود کا پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ سفر اختتام پذیر


لاہور(قدرت روزنامہ)اظہر محمود کا پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہوگیا، بطور ہیڈ کوچ ایک ہی سیریز میں ذمہ داری نبھا سکے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈالرز میں تقریبا 75 لاکھ روپے ماہانہ وصول کرنے والے اظہر محمود مہنگے ترین ملکی کوچز میں شامل تھے۔برطانوی شہریت کے حامل سابق آل راؤنڈر کا کافی عرصے سے بورڈ کے ساتھ معاہدہ تھا۔
گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے دور کوچنگ میں انہیں کہا گیا کہ بطور نائب گروم ہونے پر انہیں ہیڈ کوچ بھی بنا دیا جائے گا تاہم ایسا نہ ہونے پر وہ خاصے اپ سیٹ ہوئے۔زبانی طور پر ایک آفیشل نے انہیں ٹیسٹ کوچ بنانے کی یقین دہانی بھی کرا دی تھی لیکن اعلان نہ ہونے پر وہ فکرمند ہوگئے، معاملہ لیگل ایکشن کی جانب بھی جاتا دکھائی دیا۔پی سی بی اگر انہیں قبل از وقت برطرف کرتا تو 6 ماہ کی تنخواہ دینا پڑتی جو کئی کروڑ روپے بنتی۔
انہوں نے انڈر19 ٹیم کے ساتھ منسلک ہونے کی پیشکش قبول نہیں کی تھی، ایسے میں جون کے اواخر میں انہیں عبوری طور پر ٹیسٹ کوچ مقرر کردیا گیا۔اکتوبر میں جنوبی افریقا کے خلاف انہوں نے پہلی بار ذمہ داری سنبھالی، پاکستان نے پہلا ٹیسٹ 93 رنز سے جیتا جبکہ دوسرے میں 8 وکٹ سے شکست ہوئی۔اب ان کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، یوں اظہر کا دور صرف ایک سیریز کے بعد ہی ختم ہو گیا۔ ذرائع نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert