ترقیاتی منصوبوں میں سست روی اور ناقص میٹیریل برداشت نہیں کیا جائیگا، عوام کو ریلیف پہنچانا ذمہ داری ہے: نوابزادہ امیر حمزہ زہری


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی، نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ہمراہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے زیرِ انتظام شہر کے مختلف علاقوں میں جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا اور کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیف میونسپل انجینئر نے صوبائی مشیر نوابزاہ امیر حمزہ زہری کو مختلف ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچ موڑ روڈ پر 2.5 کلومیٹر طویل سڑک پر 252 سولر اسٹریٹ لائٹس بمعہ پولز نصب کی گئی ہیں، جن پر 150 ملین روپے کی لاگت آئی ہے، جس سے علاقے میں روشنی اور عوامی تحفظ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے بابا فریدی اسکیم کا بھی دورہ کیا، جہاں ٹف ٹائلنگ، اسٹریٹ لائٹس اور بورنگ کے منصوبے 6 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیے گئے ہیں۔دورے کے دوران صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کیفے بلدیہ کے زیرِ تعمیر جدید منصوبے کا بھی جائزہ لیا، جو تکمیل کے بعد بیک وقت تقریباً 1500 افراد کی گنجائش رکھے گا۔ اس موقع پر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حکومت بلوچستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی نے صوبائی مشیر نوابزاہ امیر حمزہ زہری کو منصوبوں کی پیش رفت، لاگت اور تکمیل کے مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے میں سیکرٹری محکمہ بلدیات عبدالرؤف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ محمد ایوب قریشی، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ نظر خان زہری، حاجی صلاح الدین زہری، اسحاق مینگل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے افسران کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی سست روی، تعطل یا غیر معیاری میٹیریل کے استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام منصوبے مقررہ وقت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت پہنچانا محکمہ بلدیات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور حکومت بلوچستان شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert