شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے: آئی جی بلوچستان کا دو ٹوک پیغام

بلوچستان پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈرونز سے لیس کرنے کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج میں منعقدہ 104 ویں ریکروٹ کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے اپنے اہم پالیسی خطاب میں جہاں 2016 کے سانحہ پی ٹی سی کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دشمن پر واضح کیا کہ شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور فورس کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔
وہیں انہوں نے بلوچستان پولیس کو روایتی طریقوں سے نکال کر مصنوعی ذہانت (AI)، ڈرون ٹیکنالوجی اور لانگ رینج پریسجن ویپنز سے لیس کرنے کے انقلابی روڈ میپ کا اعلان بھی کیا اور بتایا کہ سی ٹی ڈی اور انویسٹی گیشن سمیت دیگر شعبوں کے لیے خصوصی اسکولز قائم کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے ادارے میں ہونے والے تعمیراتی کاموں، گرینڈ میس ہال، اسپورٹس گراؤنڈز اور پولیس گرائمر اسکول کے قیام پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے سامنے ادارے کے دیرینہ مسائل بھی رکھے ۔
جن میں طویل لوڈشیڈنگ کے تدارک کے لیے الگ بجلی فیڈر کی فراہمی، مخدوش سیوریج نظام کی بہتری، ٹوٹی سڑکوں کی تعمیر نو اور اسٹاف کے لیے فیملی اپارٹمنٹس کی تعمیر کے مطالبات سرِفہرست رہے جبکہ آخر میں انہوں نے لیویز فورس کے پولیس میں انضمام کے بعد بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کے لیے اضافی وسائل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو عملی میدان میں قدم رکھنے پر مبارکباد پیش کی۔

WhatsApp
Get Alert