کوئٹہ کے غیور عوام 28 دسمبر کو ’انگور کے خوشے‘ پر مہر لگائیں، کمیشن مافیا اور بدانتظامی سے نجات دلائیں گے: پشتونخوا نیپ

حکومتی وزراء سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن فوری نوٹس لے: عیسیٰ روشان، نصراللہ زیرے


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے غیور، باشعور اور باہمت عوام سے بجا طور پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کو یہ توقع ہے کہ وہ 28 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کے موقع پر انگور کے خوشے کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر نہ صرف پشتونخوا نیپ کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے بلکہ کوئٹہ کے باسیوں کو درپیش دیرینہ مشکلات اور بنیادی مسائل کے حل میں بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔ عوام کی حمایت سے کوئٹہ کو کرپشن، کمیشن مافیا اور بدانتظامی سے نجات دلائی جائے گی اور ایک شفاف، عوام دوست اور بااختیار بلدیاتی نظام کی بنیاد رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رحمت اللہ صابر نے افغانیہ، خروٹ آباد میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کے علاوہ مقررین نے ہزار گنجی، سریاب اور چلتن ٹاؤن میں پارٹی کے انتخابی دفاتر کے افتتاح کے موقع پر بھی کارکنان اور عوام سے خطاب کیا۔ ان اجتماعات سے اکبر کلیوال، عبیداللہ بڑیچ، منظور تارن، حاجی ظہور احمد کاکڑ، عجب خان, ارباب عمران کاسی، جمعہ وفا، نقیب اللّٰہ ترین، ضیاء الحق خان، ملک عالم گل اور دیگر نامزد کونسلران نے بھی خطاب کیا اور عوام کو پارٹی کے منشور، مقاصد اور بلدیاتی سطح پر عوامی خدمت کے پروگرام سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے تمام نامزد امیدوار پوری توانائی، جذبے اور عزم کے ساتھ انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پشتونخوا نیپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پارٹی نے کوئٹہ کے چاروں ٹاؤنز میں سینکڑوں اہل، باصلاحیت اور عوام دوست امیدوار نامزد کیے ہیں، جو کامیاب ہو کر بلدیاتی اداروں کو فعال، شفاف اور عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے کا ذریعہ بنائیں گے۔۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کے عوام پشتونخوا نیپ کے نامزد امیدواروں کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کر کے شہر کی تعمیر و ترقی، امن و خوشحالی اور بہتر بلدیاتی نظام کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ مقررین نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے حکمران جماعت کے بعض ایم پی ایز اور وزراء بلدیاتی انتخابات میں کھلے عام سرکاری وسائل کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، جس کی پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے ان ایم پی ایز اور وزراء کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert