نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق کے بجائے قلم اور ہنر دیں گے، امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں: نوابزادہ جمال رئیسانی
بلوچستان کے حقوق کی ایوان بالا میں وکالت کر رہا ہوں، عوام دشمن کے پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے: رکن قومی اسمبلی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کا محور بلوچستان کی ترقی، پسماندگی کا خاتمہ اور صوبے کے نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کی تعمیر ہے۔ انہوں نے یہ بات خبررساں ادارہ یونیورسل نیوز ایجنسی کے نمائندہ انور حسین بولانی سے گفتگو میں کہی۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام، بالخصوص نوجوان، صوبے کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ان کا واحد مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں قومی دھارے میں لانے کے لیے باوقار روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور ان کے ہاتھوں میں بندوق کے بجائے قلم اور ہنر دینا جماعت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ امن کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے اور وہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں تاکہ سرمایہ کاری اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔ رکن قومی اسمبلی نے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور فنی تربیت سے آراستہ کرنے پر زور دیا تاکہ وہ معاشی طور پر خودکفیل بن سکیں۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ وہ ایوانِ بالا میں بلوچستان کے حقوق کی بھرپور وکالت کر رہے ہیں تاکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام امن پسند ہیں اور ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے، اور سب مل کر ایک پرامن اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد رکھیں گے۔
