حکمران جماعتوں نے ناکامی چھپانے کیلئے الیکشن سے بھاگنے کا ڈرامہ رچایا: قوم پرست رہنماء
200 کونسلر بلامقابلہ جیتے تو حکمران ڈر گئے، سپریم کورٹ سے رابطہ کریں گے: رحیم زیارتوال، رحمت صالح، آغا حسن

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچ و پشتون قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومتی جماعتیں اپنی ناکامی چھپانے کے لیے بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کا ڈرامہ رچادیا اور عدالت میں درخواست جمع کرکے موسم اور خاص کر امن وامان کے حوالے سے بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کی جس سے جمہوریت پر ایک بار پھر قدغن لگانے کی کوشش کی گئی حکمران جماعتوں کی یہ پالیسی عوام دشمن اور جمہوریت کے خلاف ایک سازش ہے جسے بے نقاب کرنے کے لیے ہم اپنے جدوجہد کو جاری رکھیں گے ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ سے بھی رابطہ کریں گے ‘یہ بات پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال‘نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رکن صوبائی اسمبلی میررحمت صالح بلوچ‘بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے بلدیاتی انتخابات کے ملتوی ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہاکہ جب عوام نے قو م پرست جماعتوں پر اعتماد کرکے 200کے قریب کونسلروں کو بلامقابلہ کامیاب کیا تب حکمران جماعت کو ہوش آیا اور انہوں نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ایک بارپھر عدالت کا سہارا لیا اور عدالت میں درخواست جمع کی واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے دو دفعہ الیکشن کرانے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کیا اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ہماری یہی امید تھی کہ وہ مقررہ وقت پر الیکشن منعقد کرانے کے لیے فیصلہ کرے گی لیکن اچانک وفاقی آئینی عدالت سے فیصلہ آیا اور الیکشن کو متنازعہ بنادیا جس سے جمہوری اور قوم پرست جماعتوں کو بڑا دکھ ہوا انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے والی جماعتیں درحقیقت عوامی فیصلے سے خوفزدہ ہیں اور جمہوری عمل سے فرار اختیار کر رہی ہیں انہوں نے کہاکہ بعض سیاسی جماعتوں کی جانب سے عدالت میں دائر کردہ پٹیشنز کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے، جو عوام کے بنیادی جمہوری حق پر ڈاکہ ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کو بلا تاخیر یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو نچلی سطح پر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق مل سکے۔
